پی سی بی کا بڑا اعلان، جدہ میں عالمی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت جدہ میں عالمی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت دونوں ادارے کرکٹ انفراسٹرکچر، آپریشنل معیارات، استعدادِ کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو بھی مزید مضبوط کرے گی۔
معاہدے کے مطابق جدید کرکٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف ایک اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، انسدادِ جرائم اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جبکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔



