زمان پارک حملہ کیس: فلک جاوید کی ضمانت پر فیصلہ مؤخر، عدالت نے ریکارڈ طلب کر لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں گرفتار صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔
فلک جاوید نے جیل سے اپنے وکیل کی وساطت سے درخواستِ ضمانت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے، لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید اس مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور ان پر زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے پیٹرول بم بھی برآمد ہوا تھا، جبکہ اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر طلبی کے سمن کی تعمیل کے لیے گئی تھی، جہاں مشتعل کارکنوں نے مبینہ طور پر پیٹرول بم پھینکے اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 کے تحت درج ہے۔



