جیٹ فیول سستا ہوتے ہی فضائی سفر بھی سستا، ڈومیسٹک پروازوں کے کرایوں میں نمایاں کمی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) جیٹ فیول کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک بھر کے ڈومیسٹک روٹس پر فضائی کرایوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، جس سے اندرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کو ریلیف ملے گا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ کا یکطرفہ بنیادی کرایہ کم از کم 16 ہزار 770 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 48 ہزار 890 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
لاہور سے کوئٹہ کے لیے کم از کم کرایہ 12 ہزار 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ 44 ہزار 140 روپے رکھا گیا ہے، جبکہ کراچی سے کوئٹہ کا بنیادی یکطرفہ کرایہ 13 ہزار 603 روپے سے شروع ہو کر 44 ہزار روپے تک ہوگا۔
ذرائع کے مطابق تمام بنیادی کرایوں میں اوسطاً 7 ہزار 840 روپے فیول سرچارج الگ سے شامل کیا جائے گا، جبکہ حکومتی ٹیکسز اور لیویز کے بعد عام دنوں میں ڈومیسٹک روٹس پر یکطرفہ ٹکٹ کی قیمت تقریباً 26 ہزار 755 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق سیزن یا ہنگامی بکنگ کی صورت میں ڈومیسٹک پروازوں کا زیادہ سے زیادہ یکطرفہ کرایہ 58 ہزار 875 روپے تک ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرونِ ملک پروازوں میں سب سے زیادہ کرایہ کوئٹہ سے اسلام آباد اور کراچی سے اسلام آباد کے روٹس پر وصول کیا جاتا ہے۔



