حج رجسٹریشن میں ڈیجیٹل انقلاب، 10 دن میں ایک لاکھ 78 ہزار درخواستیں آن لائن جمع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزارت مذہبی امور کے آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ "پاک حج” کے ذریعے صرف 10 روز میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد حج درخواستوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حکومت کے وژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ آن لائن حج پورٹل اور "پاک حج” موبائل ایپ کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی 10 دنوں کے دوران ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد عازمین نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی، جسے ڈیجیٹل گورننس کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے نئے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، سہولت اور جدید طرزِ حکمرانی کی جانب ایک مؤثر پیش رفت قرار دیا ہے۔

وزارت کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر حج واجبات کی وصولی کا نظام بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر کام آخری مراحل میں ہے۔ رجسٹریشن کے بعد عازمین حج آن لائن پورٹل یا "پاک حج” ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات بھی ادا کر سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے ون لنک کے ذریعے جدید ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت عازمین کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ رجسٹریشن سے ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس میں مکمل کیے جا سکیں گے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ نیا ڈیجیٹل ماڈل سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی بڑی سہولت ثابت ہوگا، کیونکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی حج رجسٹریشن، درخواست کا اسٹیٹس اور حج واجبات کی ادائیگی آسانی سے مکمل کر سکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button