امریکہ کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی کا سنہری موقع، ایچ ای سی نے 2027ء سکالرشپس کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکہ، پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027ء کے داخلوں کے لیے امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپ صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے مختص ہے، جبکہ ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہوگا۔ ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جنہیں ایچ ای سی کے ترجیحی شعبوں میں امریکی جامعات سے داخلہ حاصل ہوگا۔
اعلان کے مطابق سپرنگ اور سمر 2027ء داخلوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026ء جبکہ فال 2027ء داخلوں کے لیے 30 مارچ 2027ء مقرر کی گئی ہے۔ درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن سکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔
ایچ ای سی نے سکالرشپ کو دو زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے زمرے میں کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے امیدوار شامل ہوں گے، جنہیں یونیورسٹی کے انوائس کے مطابق مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔
دوسرے زمرے میں 51 سے 100 رینکنگ والی امریکی جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کو سالانہ 12,000 امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔
اہلیت کے لیے امیدوار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا، کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر ڈگری) مکمل کرنا، تعلیمی ریکارڈ میں دوسری یا تیسری ڈویژن نہ ہونا اور کسی دوسری سکالرشپ سے مستفید نہ ہونا ضروری ہے۔
عام امیدواروں کے لیے عمر کی حد 35 سال جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے مستقل اساتذہ اور منظور شدہ تحقیقی اداروں کے محققین کے لیے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ GRE جنرل میں کم از کم 300 نمبر یا HAT میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔
ایچ ای سی نے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ تفصیلی معلومات اور درخواست جمع کرانے کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور آن لائن سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔



