مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6اضلاع میں گرین بسیں چلانے کا افتتاح کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے 6 اضلاع میں گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جدید، محفوظ اور باعزت سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے گرین بس سروس کو مرحلہ وار پنجاب کی تمام تحصیلوں تک توسیع دی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے مرحلے میں تحصیل سطح پر بھی گرین بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ یہ سروس خصوصاً خواتین کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ گرین بسیں جدید، ایئرکنڈیشنڈ اور ماحول دوست ہیں، جبکہ عوام کی سہولت کے لیے ان کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ رواں سال پنجاب بھر میں 1100 نئی بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی، جبکہ آئندہ تین برس کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور معیاری سفری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی محنت اور ذمہ داری کی تعریف کی، اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔



