مون سون کا قہر! طوفانی بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچا دی، 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک بھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات اور سیلابی صورتحال کے باعث کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ سوات میں سیف اللہ جھیل میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 6 سیاح جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک خاتون کی تلاش جاری ہے۔

اٹک میں دیوار اور چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، لنڈی کوتل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ دیر بالا میں مدرسے کی 20 طالبات آسمانی بجلی گرنے سے زخمی ہوئیں، ژوب میں بھی چھتیں گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گجرات، سرگودھا، قصور، مریدکے، پنڈی بھٹیاں، منڈی بہاؤالدین، ہری پور، ایبٹ آباد، خضدار، کوہلو، صوابی اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جبکہ فصلوں، باغات اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا شدید خطرہ موجود ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید خبریں

Back to top button