انگلینڈ کا شاندارکم بیک،ڈی آر کانگو فیفا ورلڈ کپ سے باہر، ہیری کین نے پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا

ہیوسٹن(جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈکپ 2026 کے ناک آؤٹ میچ میں انگلینڈ نے ڈی آر کانگو کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
راؤنڈ آف 32 کے میچ میں ڈی آر کانگو نے میچ کے ساتویں منٹ میں برتری حاصل کی، یہ گول سیپنگا نے کیا۔
کاؤنٹر اٹیک میں انگلینڈ کے کپتان اور اسٹار فٹبالر ہیری کین کو ڈی میں گرایا گیا لیکن انگلینڈ کو پنالٹی نہ مل سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک ڈی آرکانگو کی برتری برقرار رہی۔
دوسرے ہاف کے 75 ویں منٹ میں ہیری کین نے ہیڈر کے ذریعےگیندکو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا، پھر 86 ویں منٹ میں ہیری کین نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو برتری دلوادی۔
کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے میچ 1-2 سے جیت کر پری کوارٹر فائنل کے لیےکوالیفائی کرلیا۔
ہیری کین نے اس میچ میں ایک اہم سنگ میل بھی عبور کیا، انہوں نے 2 گول کرکے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلےکے 12 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ورلڈکپ مقابلوں میں ہیری کین کے مجموعی گولوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پانامہ کے خلاف میچ میں ہیری کین گول کرکے انگلینڈ کی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کی جانب سے 117 بین الاقوامی میچوں میں 84 گول کرکے انگلینڈ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔



