نئے بجٹ پر عملدرآمد شروع،ماہانہ آمدن پرٹیکس کی شرح برقرار

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ نئے مالی سال27-2026کے وفاقی بجٹ پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے، جس کے تحت ماہانہ ایک لاکھ83ہزار یا سالانہ22لاکھ آمدن پر ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار ہے جبکہ سالانہ 50کروڑ روپے سے کم آمدنی والوں پر سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نئے وفاقی بجٹ پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے اور ماہانہ ایک لاکھ83ہزار یا سالانہ 22 لاکھ آمدن پر ٹیکس کی شرح برقرار ہے۔نئے بجٹ میں50کروڑ سالانہ آمدنی پر سپر ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، اس سے پہلے50کروڑ روپے آمدن پر ایک سے ساڑھے 7 فیصد تک سپر ٹیکس لاگو تھا۔اسی طرح50کروڑ سے زائد آمدن والے افراد یا کمپنیوں پر اب8فیصد سپر ٹیکس لاگو ہوگا، اس سے پہلے 50 کروڑ سے زائد آمدن پر سپر ٹیکس کی شرح10فیصد تھی،15کروڑ روپے سے زیادہ سالانہ آمدن والے بعض افراد اور کمپنیوں پر 10 فیصد سپرٹیکس برقرار رکھا گیا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے بینکنگ اور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں پر 10 فیصد اور کھاد کی فروخت سے آمدن حاصل کرنے والوں پر10فیصد سپر ٹیکس برقرار ہے۔



