وینزویلا میں تباہ کن زلزلہ: 1719 ہلاکتوں کی تصدیق، 68 ہزار افراد لاپتا

کاراکس (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا کے ساحلی علاقوں میں 24 جون کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد تباہی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 1719 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 5 ہزار 34 سے زائد افراد زخمی، 15 ہزار 866 بے گھر اور 22 ہزار 619 متاثرین مختلف طبی مراکز میں زیر علاج ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 68 ہزار تک افراد لاپتا ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق زلزلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست لا گوائیرا کو آفت زدہ قرار دے کر فوج کے کنٹرول میں دے دیا گیا ہے، جبکہ ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے پانچ روز بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ملبے تلے زندہ افراد کے ملنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔ حالیہ کارروائی میں ایل سلواڈور، میکسیکو اور وینزویلا کی مشترکہ ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے پھنسے ایک 21 سالہ نوجوان کو نکالنے کی کوشش جاری رکھی۔
ماہرین کے مطابق 24 جون کو آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ ان کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس برقرار ہے۔
دوسری جانب عالمی برادری بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔ امریکا نے ریسکیو آپریشن کے لیے طیارے، بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر روانہ کیے ہیں، جبکہ لاطینی امریکا اور کیریبین ترقیاتی بینک (CAF) نے وینزویلا کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر کے امدادی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بڑی حد تک بحال کر دی گئی ہے، عارضی پناہ گاہیں قائم کی جا چکی ہیں اور متاثرہ افراد کو خوراک، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔



