پٹرول مہنگا کیوں؟ صدر ٹرمپ کا فیول ریٹیلرز کو فوری قیمتیں کم کرنے کا حکم

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیول ریٹیلرز کو فوری طور پر قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ پٹرول کی قیمتیں فوری کم کی جائیں اور صارفین سے ناجائز منافع خوری بند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت تقریباً 2.50 ڈالر فی گیلن ہونی چاہیے، بصورت دیگر متعلقہ اداروں کو "بڑے مسائل” کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس وقت امریکا میں پٹرول کی اوسط قیمت 3.40 سے 3.50 ڈالر فی گیلن کے درمیان ہے۔ کیلیفورنیا اور نیویارک سمیت بعض ریاستوں میں قیمتیں اس سے زیادہ ہیں، جبکہ ٹیکساس اور مسیسیپی میں پٹرول نسبتاً کم نرخوں پر دستیاب ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت اس سے قبل بھی تیل کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں کمی نہ کرنے پر تحقیقات کا عندیہ دے چکی ہے، جبکہ حالیہ عالمی کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق مہنگائی، عالمی توانائی مارکیٹ اور سیاسی دباؤ کے تناظر میں امریکی انتظامیہ اور تیل کمپنیوں کے درمیان کشیدگی آئندہ دنوں میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button