متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کے لبنان سفر پر عائد پابندی ختم کر دی


ابوظہبی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے براہ راست معاہدے کے بعد اپنے شہریوں پر لبنان کے سفر سے متعلق عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اماراتی حکومت کے مطابق لبنان کا سفر کرنے والے تمام شہریوں کے لیے روانگی سے قبل متعلقہ حکام کے پاس پیشگی رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔
حکام نے رجسٹریشن کی اس شرط کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ لبنان میں کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں سے فوری رابطہ اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 30 اپریل کو علاقائی کشیدگی کے باعث اپنے شہریوں کے ایران، عراق اور لبنان کے سفر پر پابندی عائد کی تھی، جبکہ ان ممالک میں موجود اماراتی شہریوں کو بھی فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔