امریکا مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی اپنے وعدے پورے کرے گا، مسعود پزشکیان


تہران (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت یکطرفہ نہیں بلکہ دوطرفہ عمل ہے، اگر امریکا مفاہمتی یادداشت پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا تو ایران بھی اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔
اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ غیر معقول بیانات اور بے بنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کا مؤقف واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں عقل و دانش، باہمی احترام اور انسانی وقار کو بنیاد بنایا جانا چاہیے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ملک کے دفاع کے لیے فیصلہ کن اور بے خوف مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
مسعود پزشکیان نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر جلد جاری کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کی رقوم میں سے ابتدائی مرحلے میں نصف رقم ایران منتقل کی جائے گی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت موجودہ سفارتی مذاکرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سامنے آ رہی ہے، تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ علاقائی صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور معاملات پر پیش رفت جاری ہے۔