ماتلی میں خصوصی بچوں کےبحالی مرکزکاراستہ بند،مریضوں کوشدیدمشکلات

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی شہر سے متصل مور مقام کے قریب قائم میری اینڈ بلائنڈ لیپروسی سینٹر (MALC)، جو کراچی کے بعد سندھ کا دوسرا بڑا خصوصی بحالی و فزیوتھراپی مرکز تصور کیا جاتا ہے، مبینہ طور پر بااثرافراد کی مداخلت کے باعث شدید مسائل سے دوچار ہو گیا ہے۔
حکومت سندھ اور ایم اے ایل سی ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے قائم اس مرکز میں ذہنی و جسمانی معذوری، نشوونما کے مسائل اور دیگر خصوصی امراض میں مبتلا بچوں کو علاج،فزیوتھراپی اوربحالی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں اس وقت تقریباً 30 بچے زیر علاج ہیں جبکہ روزانہ بڑی تعداد میں والدین اپنے خصوصی بچوں کو علاج کے لیے یہاں لاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دو روز قبل ایک بااثر شخصیت کے مبینہ ایما پر مرکز کے مرکزی گیٹ اور ملحقہ چھوٹے دروازے کے سامنے اینٹوں کی دیوار تعمیر کرکے آمدورفت کا واحد راستہ بند کر دیا گیا، جس کے باعث اندر موجود عملہ اور مریض محصور ہو کر رہ گئے۔ راستہ بند ہونے سے وہیل چیئر استعمال کرنے والے اور چلنے پھرنے سے معذور بچوں کو مرکز تک پہنچانے اور واپس لے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ رکشوں کے ذریعے مریضوں کی آمدورفت بھی ناممکن ہو گئی ہے۔ مقامی حلقوں نے اس صورتحال کو نہ صرف خصوصی بچوں کے علاج میں رکاوٹ بلکہ سرکاری ادارے کے انتظامی امور میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے حکومت سندھ اور متعلقہ ضلعی حکام سے فوری نوٹس لینے، راستہ بحال کرانے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



