امریکاایران کشیدگی کے دوران سعودی وزیرخارجہ کااہم دورہ چین

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اس ہفتے دو روزہ سرکاری دورے پر چین جائیں گے، جہاں وہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی سمیت اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان منگل سے بدھ تک بیجنگ کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط اور بعد ازاں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے باوجود گزشتہ دنوں آبنائے ہرمز کے معاملے پر جوابی حملوں کے تبادلے نے خطے میں نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔



