ڈی پی او اوکاڑہ کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری

اوکاڑہ(وحیدآرائیں\جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کمیونٹی لائزن ہال میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سننے کے بعد متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور میرٹ پر کارروائی کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بروقت انصاف اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ شہری بلا جھجھک اپنی شکایات پولیس کے سامنے پیش کریں تاکہ ان کے جائز مسائل قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیے جا سکیں۔



