وزارتِ داخلہ کا بڑا فیصلہ: غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی گرفتاریوں کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزارتِ داخلہ نے پاکستان میں بغیر کارآمد ویزا مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 جولائی 2026 سے ملک گیر کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق 10 جولائی سے ایسے تمام افغان شہری، جو بغیر مؤثر ویزا پاکستان میں مقیم ہوں گے، انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا اور قانونی کارروائی کے بعد ملک بدر کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزارتِ داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری اور ملک بدری کی مہم کو مزید تیز کیا جائے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزارتِ داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر گرفتار کیے گئے افراد، ملک بدری اور دیگر کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزارت کو ارسال کی جائے تاکہ مہم کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔

مراسلے کے مطابق غیر قانونی قیام کے خلاف ملک گیر کارروائی کا باقاعدہ آغاز 10 جولائی 2026 سے ہوگا اور تمام متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button