لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدالقیوم دوسری بارایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر منتخب

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) ایکس سروس مین سوسائٹی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کو مسلسل دوسری بار اپنا صدر منتخب کر لیا۔ انہوں نے اعتماد کے اظہار پر اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سابق فوجیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایکس سروس مین سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے سابق فوجیوں کو درپیش مسائل، خصوصاً پنشن سے متعلق معاملات کے حل کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کی پنشن کم ہے، تاہم اس کے باوجود وہ اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا اور اتحاد ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے مزید کہا کہ سوسائٹی میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے نمائندگی دی گئی ہے تاکہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت برقرار رہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی کے لیے سابق فوجی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے، قومی اتحاد اور ملکی استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی مضبوط ترین دفاعی قوت ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔



