موبائل صارفین کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی میعاد بروقت تجدید کرانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نادرا کے غیر مؤثر، منسوخ یا ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز کی ممکنہ بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔
پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی میعاد بروقت تجدید کرائیں، کیونکہ ایکسپائرڈ، منسوخ یا غیر مؤثر شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز ریگولیٹری قواعد کے تحت معطل یا بلاک کی جا سکتی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق موبائل سروس میں تعطل سے بچنے کے لیے شہری فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ تجدید کرائیں اور تجدید کے بعد متعلقہ موبائل کمپنی کے ریکارڈ میں بھی اپنی معلومات بروقت اپ ڈیٹ کروائیں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید نہ کرانے والے صارفین کو موبائل سروس کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ صرف درست اور قابلِ تصدیق شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز ہی فعال رکھی جائیں گی۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے فوری رابطہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔



