دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ویمن ورلڈ کپ سے باہر

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی، جبکہ انگلینڈ نے آخری گروپ میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

اوول کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ کپتان میلی کیر نے 42، سوفی ڈیوائن نے 30 جبکہ ایزا بیلا گیز نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈینی گبسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلینڈ ویمن نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 18ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ ڈینی ویٹ ہوج نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ سوفیہ ڈنکلے نے 49 رنز بنائے۔

دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابلِ شکست 128 رنز جوڑ کر ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔

انگلینڈ کی کامیابی کے نتیجے میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ایونٹ سے باہر ہوگیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئرلینڈ سے شکست کے باوجود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی۔

مزید خبریں

Back to top button