آن لائن جوئے کا الزام یالاعلمی؟محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو دوٹوک جواب،بڑامطالبہ سامنےآگیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سوال نامے کا جواب جمع کرا دیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ کس آن لائن جوئے سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
محمد رضوان نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ بطور کرکٹر انہوں نے اپنی اہلیت کے مطابق پاکستانی ٹیم کی خدمت کی، تاہم آج تک انہیں نہ متعلقہ وقوعہ کے بارے میں بتایا گیا اور نہ ہی یہ وضاحت کی گئی کہ اس معاملے میں ان کا مبینہ کردار کیا ہے۔
ان کے مطابق پیشی کے دوران انہوں نے متعدد مرتبہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کیں، لیکن پوچھنے کے باوجود الزامات سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ کرکٹرز سے متعلق کرپشن کے معاملات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ فورم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کرکٹر ہونے کے باوجود ان کے خلاف لگائے گئے الزامات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ نہیں کیے گئے۔
قومی کرکٹر نے سوال اٹھایا کہ ایسے معاملے کی تحقیقات NCCIA کی جانب سے کیا جانا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ایسی کوئی شکایت موجود ہے تو اس کی تحقیقات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں۔
محمد رضوان نے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ انکوائری کا حصہ بن کر اپنا مؤقف پیش کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان پر کسی قسم کے ایسے الزامات ہیں تو معاملہ فوری طور پر ICC اینٹی کرپشن یونٹ (ACU) کو بھجوایا جائے۔



