پنجاب : ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ، حکومت ناکام شہری پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)حکومت کی جانب سے سرکاری قیمت مقرر کیے جانے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم لاہور کے مختلف علاقوں میں دکاندار گیس 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض دکاندار اپنی مرضی سے روزانہ 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیتے ہیں، جبکہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث صارفین کو اضافی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایل پی جی بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ اداروں کو سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button