لیونل میسی کا نیا عالمی ریکارڈ، ورلڈ کپ کے مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

نیو یارک (ویب ڈیسک) ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مسلسل سات میچز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
میسی نے اردن کے خلاف میچ کے 80ویں منٹ میں فری کک پر شاندار گول اسکور کر کے ارجنٹینا کی برتری 3-1 کر دی، جبکہ اسی گول کے ساتھ انہوں نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل چھ میچز میں گول کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق میسی کا مسلسل گول کرنے کا سلسلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع ہوا، جس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی میسی شاندار فارم میں ہیں، جہاں وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک، آسٹریا کے خلاف دو گول اور اب اردن کے خلاف ایک گول کر چکے ہیں۔
اردن کے خلاف گول کے بعد لیونل میسی کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی، جس کے ساتھ انہوں نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔



