کراچی میں رینجرزکیمپ پرحملہ ناکام،3دہشتگردہلاک،3جوان شہید،بھرپورجوابی کارروائی کااعلان

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کا حملہ بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

بیان کے مطابق کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ ادارے نے واضح کیا کہ شہداء کے خون کا حساب لینے اور حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا ایک بار پھر ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button