یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر،ایشیائی کمپنیوں کے ایئر کنڈیشنرز کی مانگ میں اضافہ

برسلز(جانوڈاٹ پی کے)یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کے باعث ایشیائی کمپنیوں کے ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی سام سنگ اور ایل جی، چین کی کمپنی ’میڈیہ ‘اور جاپان کی مٹسوبشی الیکٹرک کو یورپی ممالک میں ایئر کنڈیشنرز کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔سام سنگ کا کہنا ہے کہ اٹلی، اسپین اور فرانس میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں ڈبل ڈیجٹ کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایل جی کے مطابق جنوبی کوریا میں اس کی ایک فیکٹری اپریل سے مکمل پیداواری صلاحیت پر کام کر رہی ہے تاکہ کوریا اور عالمی منڈیوں کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جا سکے۔چینی کمپنی میڈیا نے بتایا کہ مئی کے آخری دو ہفتوں میں شدید گرمی کی لہر کے باعث اس کے پورٹا اسپلٹ ایئر کنڈیشنر کی طلب میں زبردست اضافہ ہوا، بعض مارکیٹوں میں یہ ماڈل مکمل طور پر فروخت ہوگیا جبکہ استعمال شدہ یونٹس کی قیمتیں بھی نئے یونٹس سے زیادہ ہو گئیں۔



