تھائی لینڈ میں 17 سالہ لڑکی قتل، آسٹریلوی شہری ایئرپورٹ سے گرفتار

بنکاک(ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی پولیس نے 17 سالہ لڑکی کے مبینہ قتل کے الزام میں ایک آسٹریلوی شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی لاش ریزورٹ شہر پٹایا کے قریب ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 46 سالہ سائمن کارمین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اسے بنکاک کے سوورنابومی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا جب وہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں لڑکی کو جمعرات کی صبح ایک شخص کے ہمراہ کنڈومینیم میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ چند گھنٹوں بعد اسی شخص کو ایک بڑا سیاہ سوٹ کیس موٹر سائیکل پر لاد کر عمارت سے نکلتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا۔
بعد ازاں پولیس کو ریلوے لائن کے قریب پھینکے گئے اسی سوٹ کیس سے 17 سالہ لڑکی کی برہنہ لاش ملی، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ قتل کے محرکات اور دیگر حقائق سامنے لائے جا سکیں۔



