ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ قتل، خاندانی دشمنی کا شبہ

ٹنڈو محمد خان (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) بلڑی شاہ کریم کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق غلام نبی مگسی اپنی اہلیہ کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دعا مگسی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ غلام نبی مگسی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ واقعے میں ایک اور خاتون کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومار میمن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جبکہ مزید شواہد اور بیانات کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔



