ڈیف بلائنڈ افراد بوجھ نہیں، حوصلے اور خودداری کی مثال ہیں، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیف بلائنڈ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سماعت اور بصارت دونوں سے محروم افراد معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ حوصلے، عزم اور خودداری کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیف بلائنڈ افراد سمیت تمام خصوصی افراد کی سرپرستی، بحالی اور حوصلہ افزائی پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمت کارڈ کے ذریعے ڈیف بلائنڈ سمیت تمام خصوصی افراد کی باعزت معاشی معاونت کر رہی ہے، جبکہ معاون آلات کی فراہمی سے انہیں زندگی کے ہر شعبے میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت خصوصی تعلیمی مراکز کو سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ خصوصی بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت چاہتی ہے کوئی بھی بچہ صرف اس وجہ سے زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے کہ وہ دیکھ یا سن نہیں سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button