آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی شرائط، عباس عراقچی کا اہم بیان


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ مخصوص شرائط کی تکمیل اور مذاکراتی معاہدے سے مشروط ہے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ تہران نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر قطر کے ذریعے امریکی فریق کو امن کی تجویز پیش کی تھی، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تجویز کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران اب ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کے حتمی مؤقف کا منتظر ہے۔ ایرانی تجویز میں معاہدہ طے پانے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے 7 روزہ عمل شروع کرنے اور خطے میں جاری لڑائی روکنے کی بات کی گئی ہے۔
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ جوہری پروگرام کے معاملے پر ایران اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا، جبکہ یورینیم افزودگی کا حق بھی برقرار رکھنے پر تہران کا مؤقف واضح ہے۔