ایران نے جنگ بندی توڑی تو جواب طاقت سے دیں گے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا سخت انتباہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی یا خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو امریکہ ہر جارحانہ اقدام کا بھرپور اور سخت جواب دے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے تھے اور امریکہ نے اس معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار سے متعلق کوئی اعتراض ہے تو وہ براہِ راست رابطہ کر سکتا ہے۔
امریکی نائب صدر، جو مذاکراتی ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں، نے زور دیا کہ واشنگٹن اپنے وعدوں کا پابند ہے، تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران پر حالیہ امریکی حملے خلیج میں ایک بحری جہاز پر مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کیے گئے، جس کا الزام امریکہ نے تہران پر عائد کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن ایران کی جانب سے کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرے گا اور خطے میں اپنے مفادات اور اتحادیوں کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔



