جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی ٹرک الٹ گیا،ایک اہلکار ہلاک، دوسرا شدید زخمی

لندن(جانوڈاٹ پی کے)جنگ بندی کے باوجود لبنان کے جنوبی علاقے اور غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں جس میں معصوم اور نہتے شہری نشانہ بن رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی ٹرک میں سوار ہوکر شہری علاقے میں ملٹری آپریشن کے لیے جا رہے ہیں کہ اچانک اور غیر متوقع طور پر ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا۔

اسرائیلی فوج کا ٹرک ایک ہموار اور متوازن شاہراہ پر مناسب رفتار سے جا رہا تھا لیکن اس کے باوجود اچانک الٹ گیا جس کے باعث ایک فوجی ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی شب جنوبی لبنان کے علاقے رب الثلاتین میں پیش آیا جہاں ایندھن لے جانے والا فوجی ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت ماسٹر سارجنٹ 23 سالہ باسل سوید کے نام سے ہوئی ہے، جو اسرائیلی فوج کی 7ویں آرمڈ بریگیڈ کی 75ویں بٹالین میں تعینات تھا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ حالیہ مہینوں میں حزب اللہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جنوبی لبنان میں اب تک 37 اسرائیلی فوجی اور وزارت دفاع کا ایک سول کنٹریکٹر ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی عرصے میں حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں دو اسرائیلی شہری بھی مارے گئے جبکہ شمالی اسرائیل میں ایک شہری اسرائیلی توپ خانے کی غلط شیلنگ سے بھی ہلاک ہوا۔

غزہ میں بھی اسرائیلی وزارت دفاع کے تحت مظلوم فلسطینیوں کے گھروں کو حماس کے ٹھکانے قرار دیکر جبراً مسمار کرنے کا گھناؤنا عمل جاری ہے۔

اسی دوران جب اسرائیلی وزارت دفاع کے کام کرنے والا ایک سول کنٹریکٹر ایک عمارت کو مسمار کرنے پہنچا تو عمارت گرنے سے ملبے میں دب کر ہلاک ہوگیا۔

سول کنٹریکٹر ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص تھا اور عمارتیں مسمار کرنے کا کافی تجربہ رکھتا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ عمارت اس کے لیے قبر ثابت ہوئی۔

اسرائیلی فوج نے ان دونوں واقعات کو "آپریشنل حادثہ” قرار دیا تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ دونوں حادثات غیر معمولی تھے جس میں غفلت اور لاپروائی کا عنصر بھی نہیں ملا۔

دوسری جانب آج جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ایک جانباز نے اسرائیلی فوج کی ٹیم کو ناکوں چنے چبوادیے۔ جھڑپ میں اب تک دو افسران سمیت 4 اسرائیلی فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button