مودی سرکار نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر ایئر انڈیا کے پائلٹ کو برطرف کردیا

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی قومی ایئرلائن ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ کو اس وقت ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا جب دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن ریگولیٹری ادارے نے بتایا کہ یہ واقعہ 22 جون کی رات اس وقت پیش آیا جب ایئر انڈیا کی پرواز AI479 امرتسر ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تیاری کر رہی تھی۔
اس سے قبل کہ یہ طیارہ لینڈنگ کر پاتا، ایک اور طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع ملی جس کے باعث رن وے کا معائنہ کیا جا رہا تھا اور آنے والی پروازوں کو فضا میں ہی رکے رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ فضا میں انتظار کے دوران ریڈار کی رہنمائی میں لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے طیارہ غیر ارادی طور پر چند لمحوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں تقریباً تین میل تک داخل ہوگیا۔
اس واقعے کے دوران پاکستان کے فضائی ٹریفک کنٹرول حکام سے فوری رابطہ کیا گیا جس کے بعد طیارہ واپس بھارتی فضائی حدود میں آیا اور امرتسر میں لینڈنگ کی کوشش کی لیکن کم ایندھن کے باعث دہلی میں لینڈنگ کرانا پڑی تھی۔
ڈی جی سی اے نے بتایا کہ واقعے کے بعد پرواز کے عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے پائلٹ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں امرتسر ایئرپورٹ کے ایک فضائی ٹریفک کنٹرولر کے خلاف بھی کارروائی کی گئی کیونکہ اس نے واقعے کی بروقت رپورٹ نہیں کی تھی۔
ایئر انڈیا نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارے نے معمولی حد تک پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
ایئرلائن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور کمپنی نے بھی ادارہ جاتی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فضائی آمدورفت سخت پابندیوں کے تحت جاری ہے۔



