اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر سعودی قیادت کی مبارکباد، وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر تبوک کا رابطہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کا ٹیلیفون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے دوران گورنر تبوک نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کے حصول میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت کی نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کا بنیادی مقصد خطے میں استحکام، تعاون اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں برادر ممالک، خصوصاً سعودی عرب کی حمایت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے محبت، خیرسگالی اور مسلسل تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے گورنر تبوک کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button