9 اور 10 محرم: میٹرو، الیکٹرک اور سپیڈو بس سروس معطل، پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر 9 اور 10 محرم الحرام کو میٹرو بس سروس، الیکٹرک بسوں اور سپیڈو بس سروس کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں تمام متعلقہ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز محرم الحرام کے دوران معطل رہیں گی۔ اس اقدام کا مقصد عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سکیورٹی صورتحال کو مؤثر بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید سکیورٹی نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

ادھر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین بھی دو روز کے لیے معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ٹریفک اور سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزید خبریں

Back to top button