ایل پی جی کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر بھر میں ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق Oil and Gas Regulatory Authority کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، لیکن مختلف علاقوں میں یہ 480 سے 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، تاہم قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کریں۔

دوسری جانب رکشہ ڈرائیورز بھی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کے نرخ تقریباً روزانہ تبدیل ہو رہے ہیں، جبکہ مسافر پرانے کرایوں پر سفر کرنا چاہتے ہیں، جس کے باعث ان کے اخراجات اور آمدن میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button