لاہور میں شبیہِ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد، سکیورٹی کیلئے متعدد راستے سیل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امام بارگاہ دربار حسین موری گیٹ سے شبیہِ ذوالجناح کا جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہو گیا، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے اور نوحہ خوانی و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

جلوس اپنے روایتی راستوں کوچہ چراغ، بخاری چوک اور مدرسہ چوک سے گزرتا ہوا لوہاری گیٹ پہنچا، جبکہ بعد ازاں سرکلر روڈ عبور کرکے انارکلی بازار میں داخل ہو گیا۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے راستوں اور اطراف میں سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے سرکلر روڈ اور اس سے ملحقہ متعدد داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے تاکہ عزاداری کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوس کے روٹ پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی اقدامات بھی نافذ ہیں۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جلوس کے روٹس کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عزاداروں کو پرامن ماحول فراہم کرنے اور شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button