دیر لوئر آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک، محسن نقوی کا سی ٹی ڈی اور پولیس کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دیر لوئر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی اور پولیس فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ کامیاب آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں نے خوارجی عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی عزم اور قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی اداروں کی کوششیں جاری رہیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر امن کے دشمنوں کے خلاف کامیاب کارروائی انجام دی۔



