سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہیں اور پنشن مقررہ تاریخ سے پہلے ملیں گی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف دیتے ہوئے تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی قبل از وقت ادائیگی کا اہم فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ملازمین کو ہر ماہ تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن مقررہ تاریخ سے پہلے ادا کی جائے گی۔

جاری کردہ فیصلے کے مطابق سندھ کے سرکاری ملازمین کو اب تنخواہ یکم تاریخ کے بجائے ہر ماہ 25 تاریخ کو ادا کی جائے گی، جبکہ پنشنرز کو ان کی پنشن ہر ماہ 26 تاریخ کو ملے گی۔

حکام کے مطابق سپلیمنٹری پے رول کی ادائیگی بھی ہر ماہ 29 تاریخ کو کی جائے گی، جبکہ جی پی فنڈ اور دیگر مالی واجبات کی ادائیگی 6 سے 16 اور 20 تاریخ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بروقت مالی سہولت فراہم کرنا اور ادائیگیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اس حوالے سے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے باقاعدہ تحریری مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگیوں سے متعلق پے رول مقررہ وقت میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ آفس میں جمع کرائیں تاکہ ادائیگیوں کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ سندھ کے لاکھوں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جنہیں اب ہر ماہ اپنی مالی ضروریات کے لیے پہلے سے بہتر منصوبہ بندی کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں

Back to top button