دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ہنگامہ، خالصتان پرچم لہرانے والا شخص گرفتار

فرانسسکو(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ ایک بار پھر خالصتان تنازع کے حوالے سے خبروں کی زینت بن گئے۔
حال ہی میں ’آورا ورلڈ ٹور‘ کے تحت سان فرانسسکو میں ہونے والے دلجیت کے پہلے کنسرٹ کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جب خالصتان حامی شخص خالصتان کا پرچم تھامے اسٹیج پر پہنچ گیا اور شو میں وقتی طور پر خلل پیدا ہو گیا۔
یہ کنسرٹ گلوکار کے ہفتہ وار بیک ٹو بیک شوز کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا، یہ شوز ان کے ’آورا ورلڈ ٹور‘ کا حصہ ہیں، جو مختلف شہروں اور بین الاقوامی مقامات پر جاری ہے۔
کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ کو پُرجوش شائقین کے سامنے اسٹیج پر پرفارم اور رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل فوٹیج کے مطابق پرفارمنس کے دوران ایک شخص خالصتان کا پرچم اٹھائے اسٹیج پر نمودار ہوا، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر حرکت میں آئے اور اسے اپنی تحویل میں لے کر اسٹیج سے باہر لے گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دیگر ویڈیوز میں مقامی پولیس اہلکاروں کو مذکورہ شخص کو حراست میں لیتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، رپورٹس کے مطابق اسے پہلے تقریب کے مقام سے باہر منتقل کیا اور بعد ازاں حکام نے اسے گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں کینیڈا میں منعقد ہونے والے ’آورا 2026ء‘ ٹور کے ایک اور کنسرٹ کے دوران بھی پروگرام میں خلل پڑا تھا، جب خالصتان کے حامیوں کے ایک گروپ نے پنڈال کے اندر نعرے بازی کی اور خالصتان کے پرچم لہرائے تھے۔
تاہم اس حالیہ واقعے کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے اپنی پرفارمنس جاری رکھی، جبکہ انتظامیہ نے صورتِ حال پر فوری طور پر قابو پا لیا۔



