آبنائے ہرمز مکمل کھلی، ایران معاہدے پر قائم رہا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ٹرمپ کی وارننگ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور وہاں جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ ایران کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر "بہت اچھا کام” کر رہا ہے اور موجودہ صورتحال اطمینان بخش ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران معاہدے کی پاسداری نہ کر سکا تو امریکا ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، جبکہ ایران کے منجمد اثاثوں کے استعمال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ رقوم امریکی کسانوں سے خوراک اور زرعی اجناس خریدنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق جب تک ایران امریکا کا احترام کرتا رہے گا، دونوں ممالک کے درمیان کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری مذاکرات مثبت نتائج دیں گے اور خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو "جو کرنا ضروری ہوا، وہ کروں گا”۔
انہوں نے گفتگو کے دوران برطانیہ کی سیاسی صورتحال، جرائم اور امیگریشن کے مسائل پر بھی تبصرہ کیا، تاہم ان بیانات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔



