ایران امریکا مذاکرات:وزیراعظم اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ امن مشن پر سوئٹزرلینڈ روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے تسلسل میں آج برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فالو اپ کے طور پر تکنیکی سطح کے مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی نمائندے وٹکوف اور جیرڈکشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی آج سوئٹزرلینڈ روانگی متوقع ہے۔
دوسری جانب ایران کا مذاکراتی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔



