پیزا آرڈر پر ’ہٹلر‘ نام لکھوانا طالب علم کو مہنگا پڑ گیا، جیل کی روٹی کھانی پڑ گئی

ماسکو (ویب ڈیسک) روس میں ایک کالج طالب علم کو پیزا آرڈر کے دوران اپنا نام “ایڈولف ہٹلر” لکھوانا مہنگا پڑ گیا، جس کے بعد اسے گرفتار کر کے پانچ روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

واقعہ روس کے شہر نزنی ٹیگل میں پیش آیا جہاں 18 سالہ طالب علم تیموفے واخونن نے ایک ریسٹورنٹ سے پیزا آرڈر کرتے وقت دکاندار کو اپنا نام “ایڈولف ہٹلر” بتایا۔

اس معاملے کی اطلاع ایک سیاسی رہنما الیکسی سوایلوف کو ملی، جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو شکایت کی۔ ان کے مطابق یہ اقدام قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

پولیس کے مطابق طالب علم کو اس کے کالج سے گرفتار کیا گیا، تاہم گرفتاری کے وقت اس نے مزاحمت نہیں کی اور اپنے عمل پر افسوس کا اظہار کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نے اپنی میز پر بعض ممنوعہ علامات بھی بنائیں اور بعد میں ان کی تصاویر ایک آن لائن چیٹ فورم پر شیئر کیں، جس کے بعد تفتیش میں مزید شواہد سامنے آئے۔

روسی میڈیا کے مطابق تفتیشی اداروں نے اسے انتہا پسندی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، جس کے بعد عدالت نے اسے پانچ دن کی قید کی سزا سنا دی۔

حکام کے مطابق نوجوان نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے اپنے عمل کے نتائج کا اندازہ نہیں تھا۔

مزید خبریں

Back to top button