عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ہفتہ وار بنیاد پر 8 فیصد کمی کا رجحان برقرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم مجموعی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر کمی کا رجحان برقرار ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 66 سینٹ اضافے کے بعد 80.38 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 94 سینٹ اضافے کے بعد 77.54 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی پر دباؤ کم ہوا ہے، تاہم غیر یقینی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت سے متعلق نئی شرائط نے توانائی سپلائی چین کے حوالے سے خدشات کو دوبارہ جنم دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کے نتیجے میں مستقبل میں اضافی تیل کی فراہمی ممکن ہے، جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ اگر سپلائی معمول پر آتی ہے تو آئندہ 6 سے 12 ماہ میں برینٹ آئل کی قیمتیں 60 سے 65 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتی ہیں۔

توانائی ماہرین کے مطابق اگرچہ فوری طور پر قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، لیکن مجموعی رجحان اب بھی کمی کی جانب ہے اور مارکیٹ آئندہ دنوں میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہ سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button