پٹرول سستا ہوتے ہی سولر پلیٹس کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد سولر انرجی مارکیٹ سے بھی صارفین کے لیے خوشخبری آگئی، مختلف واٹس کی سولر پلیٹس کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف اقسام کی سولر پلیٹس کی قیمتوں میں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کمی ہوئی ہے، جس کے باعث متبادل توانائی کے منصوبوں میں دلچسپی رکھنے والے صارفین کو ریلیف ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات آئندہ دنوں میں مزید نمایاں ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں سولر پلیٹس کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا تھا، تاہم اب پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ عرصے کے دوران ایک بیٹری کی قیمت میں 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑا تھا۔



