قومی اسمبلی میں بجٹ بحث مکمل، 232 ارکان نے 53 گھنٹے سے زائد بحث میں حصہ لیا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو بتایا ہے کہ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث مکمل کر لی گئی ہے، جو سات دن تک جاری رہی۔
سپیکر کے مطابق مجموعی طور پر 232 ارکان نے بجٹ بحث میں حصہ لیا، جن میں حکومت کے 151 اور اپوزیشن کے 81 اراکین شامل تھے۔ بحث کا مجموعی دورانیہ 53 گھنٹے 31 منٹ رہا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی ارکان نے 34 گھنٹے 33 منٹ جبکہ اپوزیشن نے 18 گھنٹے 58 منٹ تک بحث کی۔ اپوزیشن کو طے شدہ وقت سے 8 گھنٹے 18 منٹ زیادہ وقت بھی دیا گیا۔
پارلیمانی اعداد و شمار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے 77، پیپلز پارٹی کے 49، ایم کیو ایم کے 20 ارکان نے بحث میں حصہ لیا، جبکہ تحریک انصاف کے 67، سنی اتحاد کونسل کے ایک اور جے یو آئی کے 10 ارکان نے اپنی آراء پیش کیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ اراکین کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔