بدین میں مستحق طلبہ کیلئے اسکالرشپ چیکس کی تقسیم، 25 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ کونسل بدین کی جانب سے غریب اور مستحق طلبہ کے لیے مختص اسکالرشپ گرانٹ کے چیکس تقسیم کر دیے گئے۔ رواں مالی سال کے لیے اسکالرشپ گرانٹ کی مد میں 25 لاکھ روپے مختص کیے گئے، جو 22 مستحق طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔ ان طلبہ میں 6 طالبات اور 16 طلبہ شامل ہیں، جبکہ فی طالبعلم تقریباً 1 لاکھ 13 ہزار 636 روپے دیے گئے۔یہ طلبہ سندھ کی مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں، جن میں کراچی، حیدرآباد، گمبٹ اور بدین سمیت دیگر شہروں کی جامعات شامل ہیں۔ اسکالرشپ کا مقصد غریب اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر مالی رکاوٹ کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل بدین علی اصغر ہالیپوٹو نے کہا کہ ماضی میں اسکالرشپ گرانٹ 5 لاکھ روپے ہوا کرتی تھی، تاہم رواں سال طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرانٹ میں نمایاں اضافہ کرکے 25 لاکھ روپے کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل بدین اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مستحق طلبہ کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ اقدام نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی جانب گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ چیئرمین علی اصغر ہالیپوٹو کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سال اسکالرشپ گرانٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ کو اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button