صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹسز کے دورۂ روس کی منظوری دے دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹسز کے دورۂ روس کی منظوری دے دی ہے۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس کی منظوری دیتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کو روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والے 14ویں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں شرکت کی اجازت دے دی۔

منظوری کے بعد دونوں اعلیٰ عدالتی شخصیات 24 سے 26 جون 2026 تک روس میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی قانونی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم دنیا کے اہم قانونی اور عدالتی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں مختلف ممالک کے چیف جسٹسز، جج صاحبان، قانونی ماہرین، پالیسی سازوں اور حکومتی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

فورم کے دوران عالمی قانونی نظام، عدالتی اصلاحات، بین الاقوامی تعاون اور قانون کی حکمرانی سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس دورے کو پاکستان کے عدالتی شعبے کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی اور عالمی قانونی اداروں کے ساتھ روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button