سنچیتامسلسل ہراسانی اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی،والد کا الزام

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے کے والد کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ان کی بیٹی مسلسل ہراسانی اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔بھارت کے مشہور ڈرامے کم کم بھاگیہ کی اداکارہ سنچیتا اوگلے نے رواں ماہ کی 14 تاریخ کو 22 سال کی عمر میں اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی تھی۔
اداکارہ کی موت پر پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے نہ کوئی مشکوک چیز اور نہ ہی کوئی خودکشی کا نوٹ برآمد ہوا تاہم اب سنچیتا کے والدکا بیان سامنے آیا ہے۔سنچیتا کے والد مچھندرا اوگلے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سنچیتا پریشان رہتی تھی، اس نے ہمیں کبھی صحیح وجہ نہیں بتائی، یہاں تک کہ جب وہ خوشگوار موڈ میں دکھائی دیتی تھی تو وہ اچانک سے ڈپریشن میں چلی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ سنچیتا پریشان ہے اس لیے ہم اس کے ساتھ رہتے تھے، بس آخری کا آدھا گھنٹہ ہم ساتھ نہیں تھے جس پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔مچھندرا اوگلے نے یہ الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کو مسلسل ہراسانی اور شدید ذہنی دباؤ کا سامنا تھا۔انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ کوئی نہ کوئی اسے پریشان کر رہا تھا، پیسوں یا دیگر معاملات سے متعلق مطالبات کر رہا تھا، اسے مسلسل دباؤ اور ہراساں کیا جا رہا تھا۔



