"تحفظ فراہم کیا جائے” ڈونڈڑی میں میگھواڑ برادری کو دھمکیوں کے الزامات، اعلیٰ حکام کو تحریری درخواست

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو کے گاؤں ڈونڈڑی میں میگھواڑ برادری کے بعض رہائشیوں نے مبینہ طور پر منشیات فروشی میں ملوث بتائے جانے والے راڻو ولد رتن ٹھکر پر سنگین دھمکیاں دینے اور مقامی افراد کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
میگھواڑ برادری کے افراد کے مطابق راڻو ولد رتن نے اپنی اوطاق پر موجود چند ساتھیوں سے گفتگو کے دوران مبینہ طور پر کہا کہ وہ اپنی برادری کے تعاون سے مخالف فریق پر دباؤ ڈال سکتا ہے، اور اگر میگھواڑ برادری کے لوگ علاقہ خالی نہیں کریں گے تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
متاثرہ فریق کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تقریباً پندرہ برس سے مختلف فورمز پر راڻو ولد رتن کے خلاف شکایات درج کراتے آ رہے ہیں، تاہم انہیں تاحال مکمل انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ ان پر بار بار روایتی جرگہ نما فیصلے قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے، جبکہ وہ مسئلے کا حل قانونی اور پرامن طریقے سے چاہتے ہیں۔
میگھواڑ برادری کے نمائندوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ انہیں پاکستانی شہری ہونے کے ناطے تحفظ، قانونی حقوق اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
متاثرہ فریق کے مطابق اس سلسلے میں آئی جی سندھ پولیس کراچی، بلاول ہاؤس کراچی، ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی تھرپارکر اور مختلف میڈیا اداروں کو تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب الزامات کا سامنا کرنے والے فریق سے مؤقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم رابطہ نہ ہو سکا۔



