وفاق کو مضبوط کرنے کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب کے کردار کو تاریخ یاد رکھےگی، مریم او رنگزیب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)سینئر وزیر پنجاب مریم او رنگزیب نے کہا کہ وفاق کو مضبوط کرنے کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب کے کردار کو تاریخ یاد رکھےگی،صحت، تعلیم اور ستھرا پنجاب کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔

 سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر خزانہ نے پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں یکساں ترقی کا عمل جاری ہے اور صوبائی حکومت نے مالی نظم و ضبط کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کو بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا،وفاقی سطح پر بھی وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی کارکردگی مثالی رہی ہے اور وزیراعظم نے دن رات محنت کرکے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب نے گزشتہ سال بدترین سیلاب کا سامنا کیا تاہم حکومت نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف چیلنجز کا مقابلہ کیا بلکہ ترقیاتی عمل کو بھی جاری رکھا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی امن کی کوششوں کے لیے شب و روز کام کیا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وفاقی گرانٹ میں سب سے زیادہ حصہ پنجاب کا ہے جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے وسائل میں اضافے پر خصوصی توجہ دی، صوبائی ٹیکس ریونیو 519 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور ٹیکس بیس کو وسیع کیا گیا ہے، تاہم عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رائٹ سائزنگ کے تحت ایک لاکھ خالی آسامیوں کو ختم کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی، پنجاب نے اپنے اخراجات کو بڑی حد تک محدود کیا جس کے نتیجے میں صوبائی ریونیو 426 ارب روپے سے بڑھ کر 820 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

سینئر وزیر نے مزید بتایا کہ کئی سالوں سے جاری 870 غیر مؤثر اسکیموں کو ختم کیا گیا تاہم صحت، تعلیم اور "ستھرا پنجاب” پروگرام کے بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی گئی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وفاق کو مضبوط بنانے میں کردار تاریخ یاد رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button